نیمچ (مدھیہ پردیش)،23/جون (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) مدھیہ پردیش کے نیمچ ضلع ہیڈکوارٹر سے تقریباََپانچ کلومیٹر دور کناوٹی جیل سے چار قیدی جیل توڑ کرفرار ہو گئے۔فرار ہوئے ان قیدیوں میں دو راجستھان کے سزا یافتہ منشیات اسمگلر شامل ہیں۔کناوٹی جیل کے جیلر آر پی وسنیا نے بتایاکہ صبح تین سے چار بجے کے درمیان جیل کے چار قیدی ناہر سنگھ (20)، پنکج مونگیا (21)، لیکھ رام (29) اور دوبے لال (19) نے اپنے بیرک کی سلاخیں کاٹ کر رسی کے سہارے جیل کی 22 فٹ اونچی دیوار سے کود کر فرار ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ جیل انتظامیہ کو اندیشہ ہے کی یہ رسی قیدیوں کے مددگاروں نے باہر سے پھینکی تھی۔انہوں نے کہا کہ ناہر اور پنکج راجستھان کے بالترتیب ادیپر اور چتوڑ کے رہنے والے تھے اور منشیات اسمگلنگ کے کیس میں سزا یافتہ قیدی تھے جبکہ باقی دونوں مدھیہ پردیش کے رہائشی تھے۔وسنیا نے بتایا کہ لیکھ رام مدھیہ پردیش کے مندسور ضلع کا رہنے والا ہے اور وہ مال اور قتل کے معاملے میں ملزم ہے جبکہ دوبے لال مدھیہ پردیش کے شمسی ضلع کا رہائشی ہے اور وہ بھادو کی دفعہ 376 (عصمت دری) کے معاملے میں 10 سال کی سزا کاٹ رہا تھا۔